تشکر نیوز: ضلع کیماڑی کی تھانہ ڈاکس پولیس نے خفیہ اطلاع پر مچھر کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کے قتل اور ایک کو زخمی کرنے کے واقعے میں ملوث ملزم جاوید کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق، ملزم نے 6 اگست 2024 کو ذاتی رنجش کی بنیاد پر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کرکے سگے بھائیوں، لئیق زمان اور عادل زمان، کو قتل کیا اور فائرنگ کی زد میں آکر نعمان نامی راہگیر کو زخمی کر دیا تھا۔
اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 188 کلو منشیات برآمد
واقعے کا مقدمہ نمبر 405/24 بجرم دفعہ 302/324/147/148/149 r/w 7ATA درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے 24 گھنٹے کے اندر جاوید نامی ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے غیر قانونی پستول اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا۔ ایس ایچ او تھانہ ڈاکس، انسپکٹر نفیس الرحمان کی قیادت میں پولیس پارٹی نے ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔