تشکر نیوز: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر، واٹر کارپوریشن شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کی بہتری کے لیے فعال اقدامات کر رہی ہے۔ سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے ٹاؤن چیئرمین کورنگی محمد نعیم شیخ کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران بتایا کہ واٹر کارپوریشن انتظامیہ شہر بھر میں نکاسی آب کی بہتری کے لیے دن رات مصروف عمل ہے، اور شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ملاقات کے دوران، ٹاؤن چیئرمین محمد نعیم شیخ نے واٹر کارپوریشن حکام کو کورنگی ٹاؤن میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ سی او او واٹر کارپوریشن نے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے۔
ٹاؤن چیئرمین نے واٹر کارپوریشن انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد نکاسی آب کے کاموں میں کورنگی ٹاؤن کے ساتھ مکمل تعاون کیا گیا ہے۔ ملاقات کے دوران، محمد اسلم اعوان، تنویر شیخ، شفقت مگھن، اور شہباز بشیر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
