تشکر نیوز: سندھ رینجرز، پولیس اور کسٹم نے نادرن بائی پاس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 15 ملین روپے مالیت کا غیر قانونی ایرانی تیل برآمد کر لیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے آپریشنز جاری ہیں۔
خفیہ معلومات کی بنیاد پر پاکستان رینجرز، سندھ پولیس اور کسٹم انفورسمنٹ نے نادرن بائی پاس پر واقع فاسٹ آئل بلوچ فلنگ اسٹیشن پر مشترکہ کارروائی کی۔ اس فلنگ اسٹیشن کے لیے 5 مزدہ ٹرکوں کے ذریعے 55 ہزار لیٹر غیر قانونی ایرانی تیل اسمگل کیا جا رہا تھا۔
علی گنڈاپور بھڑکیں نہ ماریں، پرویزخٹک کا وزیراعلیٰ کے پی کے بیان پر ردعمل
کارروائی کے دوران 100 سے زائد افراد نے کسٹم حکام پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں مزدہ ٹرک موقع سے فرار ہو گئے۔
پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا اور زیر زمین ٹینکوں سے غیر قانونی ایرانی تیل کو 5 آئل ٹینکرز کے ذریعے کسٹم کلکٹریٹ ہاؤس منتقل کیا جا رہا ہے۔ برآمد شدہ ایرانی تیل کی قیمت تقریباً 15 ملین روپے ہے۔
پاکستان رینجرز سندھ نے کہا ہے کہ منشیات اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے آپریشن جاری رہے گا اور برآمد شدہ ایرانی تیل کو قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔