’یہ جن کا کھلونا ہے انہوں نے اس کو لانچ کیا‘، راؤ انوار سے متعلق سوال پر بلاول کا جواب

تشکور نیوز رپورٹنگ

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق ایس ایس پی راؤ انوار سے متعلق کہا ہےکہ یہ جن کا کھلونا ہے انہوں نے اس کو لانچ کیا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جہاں 12 سال بعد صدرکے ریفرنس پر سماعت ہوئی، میں نے 2018 میں کیس سننے کے لیے درخواست دائر کی، ہمیں ذوالفقار بھٹو کے لیے انصاف چاہیے ، مجھے انصاف دیا جائے اور قوم کو بتایا جائے کہ شہید ذوالفقار بھٹو بے قصور تھے کیونکہ عوام نے بہت پہلے فیصلہ کردیا تھا کہ ذوالفقار بھٹو بے گناہ تھے، اب عدالت سے اپیل ہے کہ آپ نے تاریخ کو درست کرنا ہے، ایسا فیصلہ کرنا چاہیےکہ آئندہ کے لیے دروازہ بند ہو جائے، امید ہے اس بار پیپلزپارٹی اور عوام کو قائد عوام کے کیس میں ریلیف ملے گا۔

الیکشن سے متعلق سوال پر چیئرمین پی پی کاکہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز  پر 100 فیصد اعتماد ہے، انہوں نے واضح کہا ہےکہ فروری 8 پتھر پرلکھا ہے الیکشن ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا بہت پرانا مؤقف اور مطالبہ ہے کہ سب دائرے میں رہ کر کام کریں، سیاستدان بھی جمہوریت کے دائرے میں رہ کر کام کریں، ادارے بھی اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں، تب ہی ہماری معیشت اور ملک چلے گا، میں پرانے سیاستدانوں کی پرانی سیاست دیکھ چکا ہوں، ان کا کوئی رویہ نہیں ان کو رویہ تبدیل کرنا ہے، انہوں نے وہی پرانی سیاست کرنا ہے جس سے نہ ملک اور نہ معیشت ترقی کرے گی، ہم ایسے اس ماحول سے نہیں نکل سکیں گے۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہم نے سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی پر پہنچا دیا ہے، کوئی کسی بھی جماعت سے ہو سب پاکستانی ہیں، فیصلہ کریں اختلافات الگ رکھیں گے لیکن ساتھ مل کر مسائل کا حل نکالیں گے، اس نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کریں اور نئی سیاست شروع کریں۔

 

 

راؤ انوار سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو نے کہا یہ جن کا کھلونا ہے انہوں نے اس کو لانچ کیا، لیاری کے کارکنوں نے اس کھلونے کے بارے میں ایک نعرہ دیا ہے، لیاری کے کارکنوں کا نعرہ ہے میاں تیرے جانثار ، بشیر میمن، راؤ انوار۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!