تشکر نیوز: ملک کی سیاسی قیادت کی طرح عسکری قیادت نے بھی قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے ملک اور قوم کی خوشحالی کی دعائیں کی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری پیغام میں بتایا گیا کہ آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اپنے پیغام میں قوم کو عید کی مبارک باد پیش کی۔
بیان کے مطابق عسکری قیادت نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر پاک فوج کے شہدا کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر سپاہی کیلئے عید کی اصل روح اگلے صفوں میں قوم کی حفاظت کی ذمہ داری نبھانا ہے۔
عسکری قیادت دعاگو ہے کہ اللہ مادر وطن پر اپنے برکتیں نچھاور کرے اور امن اور ترقی کا دور دورہ ہو۔ افواج پاکستان کے پیغام میں ملکی سلامتی کیلئے جان قربان کرنے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔