تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
سعودی عرب میں مساجد میں افطار کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
اردو العربیہ نیوز کے مطابق سعودی وزارت اسلامی امور اور رابطہ کی جانب سے آئمہ مساجد کے لیے جاری ہدایات میں رمضان المبارک کے دوران مساجد میں افطار کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے سعودی وزارت اسلامی امور نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ماہ رمضان میں افطار پر پابندی کا مقصد مساجد میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا ہے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ آئمہ مساجد لوگوں کو افطار کروانے کے لیے کسی قسم کے عطیات قبول نہیں کریں گے۔ رمضان المبارک میں مساجد کے باہر مختص جگہوں پر افطار کروانے کی اجازت ہوگی۔
خیال رہے کہ مساجد میں نمازوں اور دیگر سرگرمیوں کو ریکارڈ یا نشرکرنے پربھی پابندی ہوگی۔ آئمہ مساجد رمضان کے دوران تراویح کو طویل کرنے سے گریز کریں اور عوام کو روزوں کے فوائد سے آگاہ کریں۔
دوسری جانب سعودی عرب سمیت عرب ممالک میں رمضان المبارک 11 مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی فلکیاتی ماہرین کی جانب سے کی گئی پیشگوئی کے مطابق خطہ عرب کے ممالک میں 10 مارچ کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قومی امکان ہے۔ اس طرح ان ممالک میں پہلا روزہ 11 مارچ کو ہوگا۔
