تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
220 کے وی گرڈ سٹیشن گکھڑ میں دوسرا 250 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر نصب کردیا گیا، آٹو ٹرانسفارمر سے صنعتی، دیہی اور شہری صارفین کو فائدہ پہنچے گا، اعلامیہ این ٹی ڈی سی
لاہور: این ٹی ڈی سی کی رمضان المبارک میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے ترسیلی نظام کو بہتر کرنے کی مہم کامیابی سے جاری ہے، 220 کے وی گرڈ سٹیشن گکھڑ میں دوسرا 250 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر نصب کردیا گیا۔ اعلامیہ این ٹی ڈی سی کے مطابق نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کی ٹیکنیکل ٹیموں نے 220 کے وی گرڈ سٹیشن گکھڑ میں دوسرے 160ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر کو 250 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر کے ساتھ تبدیل کردیا ہے۔
مذکورہ 250 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر کو آج کامیابی کے ساتھ انرجائز کردیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ ورلڈ بینک کی مالی معاونت سے چلنے والے نیشنل ٹرانسمیشن ماڈرنائزیشن پراجیکٹ کا ایک حصہ ہے اور اسے ترسیلی نظام میں حائل رکاوٹیں ختم کرنے کی مہم کے تحت مکمل کیا گیا ہے، جس سے 220 کے وی گرڈ سٹیشن گکھڑ کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔
نئے 250 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر سے گیپکو ریجن میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، صنعتی، دیہی اور شہری صارفین کو فائدہ پہنچے گا اور ترسیلی نظام مزید مستحکم ہوگا۔
منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خاں نے پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل پر پروجیکٹ ڈیلیوری (نارتھ) ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ دوسری جانب این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنز اور گرڈ سٹیشنز کی مینٹیننس کے ایک جامع پروگرام پر بھی تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ اس دوران متعلقہ ایسیٹ مینجمنٹ فارمیشنز کی ٹیمیں ڈسک انسولیٹرز کی دھلائی، صفائی، تبدیلی اور دیگر ضروری سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے متعلقہ ٹیموں پر زور دیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران بجلی کی بہتر سپلائی یقینی بنانے کیلئے اس سے قبل مینٹیننس کی سرگرمیاں مکمل کریں۔
