پاکستان کے عوام نے انتخابات میں 8 فروری کو واضح طور پر منقسم مینڈیٹ دیا

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

کچھ عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے سول سرونٹس پر دباؤ ڈالنے کے حربے استعمال کررہے ہیں، ایسے عناصر کی وفاداریاں تشدد گروہ کی حمایت میں ہیں، ریاست ایسے عناصر کومثالی سزا دے گی۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سوشل میڈیا کے ذریعے سول سرونٹس پر دباؤ ڈالنے کے حربے استعمال کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ ریاست ایسے عناصر کومثالی سزا دے گی۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پاکستان کی عوام نے 8 فروری کو واضح طور پر منقسم مینڈیٹ دیا، کچھ عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے سرکاری ملازمین پر دباؤ ڈالنے کیلئے مختلف حربے استعمال کررہے ہیں، ایسے عناصر کی وفاداریاں ریاست پاکستان کی بجائے تشدد گروہ کی حمایت میں ہیں،یہ عناصر سول سرونٹس کی ریاست ست وفاداری کو متشدد گینگ کیلئے تبدیل کروانا چاہتے ہیں، ریاست پاکستان سول سرونٹس کو ان کو آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے تحفظ دے گی۔
یہ کاروائی آرٹیکل 5 سمیت آئین کے دیگر آرٹیکلز اور ملکی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، ریاست پاکستان ایسے عناصر کومثالی سزا دے گی۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں اور نظام پر اعتماد کرنا چاہئے، قانونی عمل چل رہا ہے تو انتظار کرنا چاہئے۔اعلیٰ تحقیقاتی کمیٹی بنی ہے،اداروں پراعتماد کریں۔

آئین اور قانون کے تحت جیسے ہی الیکشن کمیشن انتخابی امیدواروں کی لسٹ جاری کرے گا، وزارت پارلیمانی امور قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری وزیراعظم کو بھجوائے گی۔مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھاکہ صدر مملکت سے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ خیال رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت چھٹہ کے الزامات کی تحقیقات کیلئے الیکشن کمیشن نے خصوصی کمیٹی قائم کر دی تھی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کی صدارت سینئر ممبر الیکشن کمیشن کریں گے جبکہ کمیٹی میں سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قانون شامل ہوں گے۔کمیٹی تین دن میں اپنی رپورٹ دے گی۔ کمیٹی راولپنڈی ڈویژن کے تمام ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسران کے بیانات قلم، مانیٹرنگ کمیٹیوں کی رپورٹس تحقیقات کا حصہ بنانے کی مجاز ہوگی۔
کمیٹی راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور مری کے ڈی آر اوز کے بیانات بھی قلم بند کریگی۔ راولپنڈی ڈویژن سے قومی اسمبلی کے 13 حلقوں کے آر اوز کے بیانات قلم بند کئے جائیں گے۔ تحقیقاتی کمیٹی صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات قلم بند کرے گی۔کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد کمشنر راولپنڈی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن یا دیگر قانونی کارروائی کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائےگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!