وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ہمیشہ نہیں رہتی اور اقتدار سے زیادہ عارضی کوئی چیز نہیں۔ نوجوانوں کو تعلیم، ٹیکنالوجی اور مواقع فراہم کرنا ان کی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
چکوال میں ہونہار طلبہ میں اسکالرشپس اور لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر سمیت تمام شعبوں میں فنڈز کی متوازن تقسیم یقینی بنائی جا رہی ہے۔
تمام صوبوں کے طلبہ کے لیے یکساں مواقع
مریم نواز نے کہا کہ قابلیت کا کوئی صوبہ نہیں ہوتا اور ہنر کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ خیبر پختونخوا سے آنے والے طلبہ کے لیے بھی اسکالرشپس اور لیپ ٹاپس موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جو بچوں کی محنت کو انعام دیتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے طلبہ کو عالمی سطح کے مقابلوں کے قابل بنانا چاہتی ہے۔ صوبے کے تمام شہروں کے طلبہ ان کے لیے برابر ہیں۔
اسکالرشپس طلبہ کی محنت کا صلہ ہیں
مریم نواز نے کہا کہ وہ ایسا ماحول چاہتی ہیں جہاں خواتین اور مرد دونوں محفوظ ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسکالرشپس اور لیپ ٹاپس حکومتی احسان نہیں بلکہ طلبہ کی محنت کا صلہ ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کو قوم کا فخر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہماری دھرتی کا سپوت ہے۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبہ میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے۔