بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) نے رواں مالی سال کے دوران میونسپل ٹیکس کی مد میں 4 ارب روپے وصول کر لیے ہیں، جو مقررہ ہدف کا تقریباً 60 فیصد بنتا ہے۔
امریکی صحافی کے اغوا میں ملوث طالبان کمانڈر کو 42 سال قید کی سزا
شہریوں سے یہ ٹیکس بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول کیا جاتا ہے۔ کے ایم سی نے رواں سال میونسپل ٹیکس وصولی کے لیے 6 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا تھا۔
کے ایم سی کے فنانشل ایڈوائزر گلزار علی کے مطابق کسی بھی ریونیو ہدف کا 60 فیصد حاصل کرنا ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں میونسپل ٹیکس وصولی کی شرح اس سطح تک نہیں پہنچ سکی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے تقریباً 60 ارب روپے کا بجٹ تیار کر رہی ہے، جسے منظوری کے لیے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی جانب سے 18 جون کو سٹی کونسل میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
گلزار علی کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں حکومت سندھ سے ملنے والے فنڈز اور کے ایم سی کی اپنی آمدنی کو شامل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 37 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولتوں کی بہتری پر خرچ کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق مجوزہ ترقیاتی اخراجات کا مقصد کراچی میں بنیادی شہری ڈھانچے، بلدیاتی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔