ضلع ملیر پولیس نے شرافی گوٹھ میں منشیات فروشوں کے خلاف دو کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 209 گرام آئس اور 1,700 روپے برآمد ہوئے۔
فیوچر کالونی میں ملزم گرفتار، پولیس پر حملے کا دعویٰ
ترجمان ملیر پولیس کے مطابق پہلی کارروائی فیوچر کالونی کے نیازی محلہ میں کی گئی۔ پولیس نے ملزم فاروق ولد عبداللہ خالد نیازی کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 105 گرام آئس اور ایک ہزار روپے برآمد ہوئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے دوران ملزم اور اس کے ساتھیوں نے مزاحمت کی۔ پولیس کے مطابق ڈنڈوں اور اسلحے سے اہلکاروں پر حملے کی کوشش کی گئی۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ رفات نیازی سمیت 10 سے 12 افراد نے اہلکاروں پر حملے کی کوشش کی۔ اس دوران ایک اہلکار کی وردی بھی پھاڑ دی گئی۔ پولیس کے مطابق حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے منشیات کی برآمدگی اور اہلکاروں پر حملے کے واقعات کے مقدمات درج کرلیے ہیں۔
گرفتار ملزم کا سابقہ ریکارڈ
پولیس کے مطابق فاروق کے خلاف تھانہ شرافی گوٹھ میں پہلے سے سات مقدمات درج ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع میانوالی کے تھانہ موچھ میں قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 316/2026 بھی درج ہے۔
لانڈھی سے دوسرا ملزم گرفتار
ترجمان کے مطابق دوسری کارروائی لانڈھی میں اللہ داد گراؤنڈ کے قریب غوثیہ مسجد کے نزدیک کی گئی۔ پولیس نے عبدالجلیل ولد عبدالغفور کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 104 گرام آئس اور 700 روپے برآمد ہوئے۔ اس کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالجلیل کے خلاف تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا (کے آئی اے) میں ڈکیتی، پولیس پر حملے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت سات مقدمات درج ہیں۔
ترجمان ملیر پولیس کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارے جارہے ہیں۔ دونوں مقدمات میں مزید تفتیش جاری ہے۔