پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 اکتوبر 2026 کو ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کرنے والے خوارج کے گروہ کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔ افغان طالبان کی پوسٹوں سے بھی دراندازی کرنے والے گروہ کی مدد کے لیے فائرنگ کی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 12 خوارج اور افغان طالبان ہلاک ہوگئے۔
نائب صوبیدار ہدایت امان شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار ہدایت امان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
شہید نائب صوبیدار ہدایت امان کی عمر 40 سال تھی۔ ان کا تعلق ضلع غذر سے تھا۔
پاک افغان سرحد پر کلیئرنس آپریشن جاری
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ واقعہ افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں افغان طالبان رجیم کی ناکامی کا ایک اور ثبوت ہے۔
ترجمان کے مطابق افغان طالبان رجیم اپنی بین الاقوامی انسدادِ دہشت گردی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔
سیکیورٹی فورسز پاک افغان سرحد پر ہائی الرٹ ہیں۔ ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ان کا عزم برقرار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم
آئی ایس پی آر کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔