کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت یلو لائن بی آر ٹی منصوبے سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں منصوبے پر جاری تعمیراتی کام، پیش رفت اور مختلف پیکیجز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن کمال دایو، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بہزاد میمن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
متعلقہ حکام نے سینئر وزیر کو منصوبے پر جاری کام اور مختلف تعمیراتی پیکیجز کے حوالے سے بریفنگ دی۔
تعمیراتی کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت
شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ یلو لائن بی آر ٹی کے تمام متعلقہ کام باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام دن رات جاری رکھا جائے تاکہ جدید سفری سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ جلد مکمل ہوسکے۔
سینئر وزیر نے تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر جاری تعمیراتی کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ تاج حیدر پل کے تعمیراتی کام میں تیزی سے پیش رفت یقینی بنائی جائے۔
شرجیل انعام میمن نے منصوبے کے اہم حصے ڈیپوز کی تعمیر کو بھی ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔
معیار اور مانیٹرنگ یقینی بنانے پر زور
سینئر وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے ہر حصے کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ معیار کو بھی یقینی بنایا جائے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ایک اہم منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں جدید اور مربوط ماس ٹرانزٹ نظام کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
کراچی کے لیے جدید سفری سہولیات کا منصوبہ
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی سندھ حکومت کے جامع ٹرانسپورٹ وژن کا حصہ ہے۔
ان کے مطابق کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور سفری ضروریات کے پیش نظر جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام ناگزیر ہے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔