کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے تحت غزہ اور فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہراہ قائدین پر غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بچوں، خواتین، بزرگوں اور مردوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مارچ کا آغاز قاری منصور کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ واجد انصاری نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ اس سے قبل امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں نورانی کباب سے اللہ والی چورنگی تک ریلی نکالی گئی۔
حافظ نعیم الرحمن کا خطاب
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر کا پہلا ہفتہ اہل غزہ اور فلسطین سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی، ٹیکس اور مہنگائی کے خلاف اپنی تحریک جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایران، بنگلہ دیش اور دیگر مسلم ممالک کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ معاہدہ خطے کے دفاع کے لیے ہے تو اس کا مقصد فلسطینیوں کا تحفظ اور اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
فلسطین کے لیے مسلم دنیا کے اتحاد پر زور
حافظ نعیم الرحمن نے غزہ کی صورتحال پر اسرائیل اور امریکا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو فلسطین اور کشمیر کے عوام کی حمایت کے لیے متحد ہونا چاہیے۔
انہوں نے حماس کی جدوجہد کو فلسطینی مزاحمت کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت گزشتہ تین برس سے فلسطینی عوام کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق الخدمت نے عوام کے تعاون سے فلسطینیوں کے لیے 10 ارب روپے کی امداد بھیجی ہے۔
صومالیہ میں جاں بحق اور زخمی پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے
منعم ظفر خان کا اظہار یکجہتی
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے مارچ کے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بڑی تعداد میں شرکت نے فلسطینی عوام سے کراچی کے شہریوں کی یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے 7 اکتوبر 2023 کو ہونے والے حماس کے حملے اور اس کے بعد کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے فلسطینیوں کی مزاحمت کو سراہا۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فلسطینی عوام کی مدد کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
مفتی محمود یوسف الشوبکی کا خطاب
غزہ کے مفتی اعظم ڈاکٹر محمود یوسف الشوبکی نے مارچ کے انعقاد پر جماعت اسلامی کی قیادت اور کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام مشکل حالات کے باوجود اپنے وطن اور مقدس مقامات کے دفاع کے لیے کھڑے ہیں۔
انہوں نے مسجد اقصیٰ کو پوری امت مسلمہ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے فلسطین کے معاملے پر مسلکی اور جغرافیائی اختلافات سے بالاتر ہوکر اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔
مارچ سے جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈووکیٹ، کراچی کے سیکریٹری توفیق الدین صدیقی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
مارچ کے دوران شرکا نے فلسطینی پرچم اور جماعت اسلامی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ خواتین شرکا نے فلسطینی رومال پہن رکھے تھے، جبکہ اسٹیج پر موجود رہنماؤں نے بھی فلسطینی مفلر پہن رکھے تھے۔