موبائل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر منہاج گلفام کی قیادت میں وفد نے ڈی آئی جی ایسٹ زون کراچی ڈاکٹر فرخ علی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں شہر کی امن و امان کی صورتحال اور ڈیلرز کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔
ایسوسی ایشن کے وفد نے موبائل فونز کے کاروبار سے متعلق مسائل سے ڈی آئی جی ایسٹ کو آگاہ کیا۔ وفد نے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پولیس کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
منہاج گلفام نے کہا کہ ایسوسی ایشن غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف واضح مؤقف رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کی خرید و فروخت کی مخالفت کی جائے گی۔
انہوں نے IMEI نمبرز کی تبدیلی اور غیر قانونی پیچنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی حامی ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف ایس او پیز کے مطابق کارروائی ہوگی۔ پولیس ایسے عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھائے گی۔
ملاقات کے اختتام پر منہاج گلفام اور دیگر شرکا نے ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی کو اجرک اور گلدستہ پیش کیا۔


