کراچی: ڈیفنس کے علاقے چھوٹا بخاری کمرشل میں خواتین کے درمیان جھگڑے کے دوران زخمی ہونے والی خاتون نور العین کی نئی ویڈیو سامنے آگئی ہے، جس میں وہ زخمی اور خوف زدہ حالت میں نظر آرہی ہیں۔
ویڈیو میں نور العین کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ان کی ناک اور منہ سے خون نکل رہا ہے، آنکھ پر بھی زخم آیا ہے جبکہ حملے کے دوران ان کے بال نوچے گئے۔
واقعے سے متعلق ایک اور فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں پولیس اہلکار ایک نوجوان کو گھسیٹ کر لے جاتے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ موقع پر ایک سرکاری ویگو بھی موجود نظر آتی ہے۔
خیابانِ بخاری کے ایک فلیٹ میں خواتین کے درمیان جھگڑے کے دوران پولیس اہلکاروں کی موجودگی کی ویڈیو پہلے ہی سامنے آچکی ہے۔ نئی فوٹیج کے بعد پولیس کے کردار اور موقع پر سرکاری گاڑی کی موجودگی سے متعلق مزید سوالات اٹھ گئے ہیں۔
آٹے کی قیمت: کراچی میں 20 کلو تھیلا 3 ہزار 200 روپے کا ہوگیا
اہم سوال یہ ہے کہ پولیس کو موقع پر کس نے طلب کیا تھا اور وہاں موجود سرکاری ویگو کس کی تھی۔ تاہم پولیس حکام نے تاحال ان سوالات پر کوئی واضح مؤقف پیش نہیں کیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق واقعہ تقریباً نو روز قبل پیش آیا تھا۔ مقدمہ درخشاں تھانے میں درج ہے، تاہم واقعے کی مکمل تفصیلات، پولیس اہلکاروں کی موقع پر موجودگی اور سرکاری گاڑی کے استعمال سے متعلق حقائق ابھی واضح نہیں ہوسکے۔
پولیس کا باضابطہ مؤقف سامنے آنے کے بعد ہی واقعے میں ملوث افراد اور پولیس کی کارروائی سے متعلق مزید تفصیلات واضح ہوسکیں گی۔