کراچی میں سندھ پولیس کے سابق انسپکٹر جنرلز کی ایسوسی ایشن (AFIGP) کے سالانہ انتخابات مکمل ہوگئے، جس میں سابق آئی جی سندھ اسد اشرف ملک کو بلامقابلہ صدر منتخب کرلیا گیا۔ نومنتخب عہدیداران آئندہ دو سال تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
سنٹرل پولیس آفس کراچی میں ہونے والے انتخابات میں ارکان، موجودہ اور سابق سینئر پولیس افسران نے باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے عہدیداران کا انتخاب کیا۔ غلام شبیر شیخ نائب صدر جبکہ غلام سرور جمالی جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔
انتخابات کے بعد شرکا نے نومنتخب صدر، نائب صدر اور جنرل سیکریٹری کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
منشیات فروش گرفتار: واٹر پمپ سے ملزم احمد مصطفیٰ حراست میں
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی اسد اشرف ملک، غلام شبیر شیخ اور غلام سرور جمالی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سابق انسپکٹر جنرلز کا تجربہ اور پیشہ ورانہ بصیرت موجودہ پولیس افسران کے لیے قیمتی اثاثہ ہے۔
جاوید عالم اوڈھو نے امید ظاہر کی کہ ایسوسی ایشن کی نئی قیادت اپنے وسیع تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے پولیسنگ کے شعبے میں ادارے کی بہتری اور پولیس سروس کے وقار کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔
انتخابی عمل کے تحت نومنتخب صدر، نائب صدر اور جنرل سیکریٹری باہمی مشاورت سے ایسوسی ایشن کی نو رکنی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دیں گے۔ کمیٹی کے ارکان کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

انتخابات کے اختتام پر ایسوسی ایشن کے ارکان اور سینئر پولیس افسران نے نومنتخب عہدیداران کے بلامقابلہ انتخاب کا خیرمقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ نئی قیادت ایسوسی ایشن کو مزید فعال اور مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔