کراچی: پانی چوری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے سیکیورٹی اور ہائیڈرنٹ انفورسمنٹ سیل نے مراد میمن گوٹھ اور داؤد بروہی گوٹھ میں 3 غیر قانونی سب سوائل بور کنکشن منقطع کر دیے۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق کارروائی کے دوران مراد میمن گوٹھ میں غیر قانونی ہائیڈرنٹ اور سب سوائل بورنگ کنکشنز کے ذریعے ٹینکرز بھرنے اور پانی چوری کرنے کا انکشاف ہوا۔ ٹیم نے بھاری مشینری کی مدد سے 2 غیر قانونی کنکشن مکمل طور پر منقطع کر دیے۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والا ٹینکر TTA-797، 2 بیٹریاں، ایک جنریٹر، 2 پمپس اور تقریباً 150 فٹ تار و پائپ تحویل میں لے کر واٹر کارپوریشن پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیے گئے۔
حکام کے مطابق پانی چوری میں ملوث محمد یونس اور شاہد خان کے خلاف واٹر کارپوریشن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر 55/2026 درج کر لیا گیا ہے۔
دوسری کارروائی داؤد بروہی گوٹھ میں کی گئی، جہاں غیر قانونی سب سوائل بورنگ کنکشن کے ذریعے پانی نکال کر ٹینکرز بھرے جا رہے تھے۔ واٹر کارپوریشن کی ٹیم نے ایک غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیا اور کارروائی کے دوران ایک پمپ اور تقریباً 150 فٹ کیبل قبضے میں لے کر پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دی۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق پانی چوری میں ملوث قائم بلوچ کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ پانی چوری، غیر قانونی ہائیڈرنٹس، سب سوائل بورنگ اور غیر مجاز ٹینکر فلنگ کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ پانی چوری اور غیر قانونی کنکشنز کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ شہر میں پانی کی منصفانہ فراہمی اور آبی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔