ملزم کی والدہ نے 5 لاکھ روپے رشوت مانگنے کا دعویٰ کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزم کی فائرنگ سے دو اہلکار زخمی ہوئے
بدین کے نواحی علاقے میں ہونے والے پولیس مقابلے پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ مبینہ مقابلے میں ہلاک ملزم کے اہلخانہ نے اسے جعلی قرار دے دیا۔
ملزم کی والدہ نے پولیس پر بیٹے کو حراست میں لے کر قتل کرنے کا الزام لگایا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے 5 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی۔
ملزم کی والدہ کے مطابق ان کا بیٹا اپنی اہلیہ کو سسرال چھوڑنے گیا تھا۔ اس دوران پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔
ان کا کہنا ہے کہ رشوت نہ دینے پر پولیس نے بیٹے کو قتل کردیا۔
ملزم کی بیوہ نے بھی پولیس پر شوہر کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
ملزم کی والدہ نے مقدمہ درج کرانے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ عدالت اس درخواست کی سماعت 25 اگست کو کرے گی۔
دوسری جانب پولیس نے اہلخانہ کے الزامات کی تردید کی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم وہاں پہنچی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کی، جس میں ملزم ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقابلے میں دو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ہلاک ملزم منشیات فروشی اور اقدامِ قتل سمیت آٹھ مقدمات میں مطلوب تھا۔