کمشنر کراچی داود یونیورسٹی میں جشنِ آزادی، طلبہ نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے داود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں جشنِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔ وہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

کمشنر کراچی، ترکی کے قونصل جنرل ارغل کادک اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سمرین حسین نے قومی پرچم لہرایا۔ سید حسن نقوی نے آزادی کا کیک بھی کاٹا۔

تقریب میں طلبہ، والدین اور اساتذہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ طلبہ نے قومی نغمے پیش کیے اور آزادی کی اہمیت پر تقاریر کیں۔

طلبہ نے ملی جذبے سے بھرپور ٹیبلوز بھی پیش کیے۔ انہوں نے قومی اتحاد، بین الصوبائی ہم آہنگی، محبت اور یکجہتی کی اہمیت اجاگر کی۔

طلبہ اور اساتذہ میں اسناد کی تقسیم

کمشنر کراچی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور اساتذہ میں اسناد تقسیم کیں۔

سید حسن نقوی نے کہا کہ آزادی ایک قیمتی نعمت ہونے کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ آج کے دور میں طلبہ کو اپنی صلاحیتیں سیکھنے اور اجاگر کرنے کے پہلے سے زیادہ مواقع حاصل ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کی آنکھوں کی رونق ان کے روشن مستقبل کی عکاس ہے۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتیں دیکھ کر یقین ہوتا ہے کہ پاکستان دنیا کی ترقی یافتہ قوموں میں شامل ہوگا۔

داود یونیورسٹی سے کمشنر کراچی کی یادیں

سید حسن نقوی نے داود یونیورسٹی کے معیار اور شہرت کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ بھی داود یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کریں۔

کمشنر کراچی کے مطابق وہ داود یونیورسٹی میں داخلے کے لیے فارم لینے آئے تھے۔ تاہم قسمت نے انہیں این ای ڈی یونیورسٹی کا راستہ دکھایا۔

جشنِ آزادی کی تقریب سے ترکی کے قونصل جنرل ارغل کادک اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سمرین حسین نے بھی خطاب کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!