قومی سلامتی کے موضوع پر آئی ایس پی آر کے زیرِ اہتمام سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے تحت چانسلر الغزالی یونیورسٹی مفتی عبد الرحیم نے پاکستان بھر کے 21 مختلف اسٹیشنز سے شریک 6 ہزار 150 سے زائد طلبہ و طالبات سے خصوصی نشست کی۔
نشست کے دوران مفتی عبد الرحیم نے نظریۂ پاکستان، ریاست کی اہمیت، فتنہ الخوارج، قومی سلامتی، اسلامی تعلیمات اور نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔
مفتی عبد الرحیم نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور امانت ہے، اس سرزمین سے محبت، اس کا تحفظ اور ترقی ہر شہری کی دینی اور قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن کا قیام، انصاف کی فراہمی اور عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ ریاست اور حکمرانوں کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ اس ذمہ داری میں غفلت جواب دہی کا باعث بنتی ہے۔
مفتی عبد الرحیم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف برسرِپیکار سیکیورٹی فورسز ایک اہم دینی اور قومی فریضہ انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہیں، جبکہ اسلام بے گناہ جانوں کے تحفظ، امن کے قیام اور فساد کے خاتمے کا درس دیتا ہے۔
طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی عبد الرحیم نے غزوۂ اُحد میں حضرت اُمِّ عمارہؓ کی جرأت اور قربانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین بھی وطن، معاشرے اور قومی سلامتی کے تحفظ میں مؤثر اور قابلِ قدر کردار ادا کر سکتی ہیں۔