ولیکا اسپتال: ایچ آئی وی پھیلاؤ کیس میں 37 افسران اور ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری

کراچی: ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کے مبینہ پھیلاؤ کے معاملے پر سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) نے 37 افسران اور ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ سیسی کے مطابق یہ کارروائی جامع انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کی گئی ہے۔

سیسی کمشنر ہادی بخش کلہوڑو نے بتایا کہ نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ انکوائری رپورٹ میں سامنے آنے والے مشاہدات اور سفارشات کی بنیاد پر کیا گیا۔ نوٹس پانے والوں میں سابق اور موجودہ افسران، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملہ شامل ہے۔

سیسی کے مطابق نوٹس یافتگان میں 10 اسٹاف نرسز، 7 نرس ایڈز، 5 لیڈی ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسرز، 2 کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشنز، 2 آڈٹ افسران اور 2 سابق ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، سابق میڈیکل سپروائزر، میٹرن، ڈپٹی میڈیکل آفیسر، لیڈی میڈیکل آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران و ملازمین کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

حتمی شوکاز نوٹس میں متعلقہ افراد پر مبینہ طور پر سنگین غفلت، فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی اور مؤثر نگرانی نہ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ سیسی کمشنر کے مطابق تمام نوٹس یافتگان کو قانون کے مطابق ذاتی شنوائی کا حق بھی دیا گیا ہے۔

نوٹس میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام متعلقہ افسران اور ملازمین 14 روز کے اندر اپنا تحریری جواب جمع کرائیں۔ سیسی نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف یکطرفہ محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!