تجاوزات آپریشن کے تحت کراچی کے صدر ٹاؤن میں ریگل فوڈ اسٹریٹ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو خالی کرا لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کی ہدایات پر کی گئی۔ آپریشن میں میونسپل کمشنر صدر ٹاؤن عمار خان، چیئرمین صدر ٹاؤن، اسسٹنٹ کمشنر صدر اور ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ علی اکبر مہر کی ہدایات کے تحت انسداد تجاوزات کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
حکام کے مطابق ٹی ایم سی انچارج شاہنواز کی نگرانی میں بھاری مشینری اور عملے نے ریگل فوڈ اسٹریٹ اور اطراف میں قائم غیر قانونی اسٹالز، ریڑھیاں، شیڈز اور دیگر تجاوزات کو ہٹا دیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد علاقے میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی ہے، جبکہ پیدل چلنے والوں کے لیے فٹ پاتھ اور گزرگاہیں بھی بحال کر دی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ عوامی راستوں اور سرکاری اراضی پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
انتظامیہ نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمے کی مہم میں تعاون کریں تاکہ عوامی مقامات کو رکاوٹوں سے پاک رکھا جا سکے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔