یومِ حسینؑ کے موقع پر جامعہ کراچی میں آئی ایس او ڈسٹرکٹ پروفیشنل اور دفترِ مشیر امور طلبہ کے اشتراک سے سالانہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء، اساتذہ، طلبہ اور دیگر شرکا نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی انسانیت کے لیے ہدایت، حق اور انصاف کی علامت ہے اور واقعۂ کربلا کی تعلیمات رہتی دنیا تک انسانوں کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ معیاری تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔
معروف عالمِ دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ واقعۂ کربلا شعور، حق اور استقامت کا پیغام دیتا ہے۔ ان کے مطابق حضرت امام حسینؑ کی قربانی نے دینِ اسلام کی بنیادی اقدار کو نئی قوت بخشی اور ان کی سیرت امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
اہلِ سنت عالمِ دین مفتی فضل ہمدرد نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے عظیم قربانی پیش کی، جبکہ حسینی تعلیمات معاشرے میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔
مولانا عروج زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کربلا پوری انسانیت کے لیے صبر، حق گوئی اور استقامت کی عملی مثال ہے، جو انسان کو ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتی ہے۔
تقریب کے اختتام پر شیعہ اور سنی شرکا نے مولانا فرخ عباس کی اقتدا میں نمازِ ظہرین باجماعت ادا کی۔ منتظمین نے شرکا کے لیے سبیلِ حسینی اور تبرکات کا بھی اہتمام کیا، جبکہ ماحولیاتی آگاہی کے فروغ کے لیے مفت پودے تقسیم کیے گئے۔