تجاوزات کے خلاف کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر ضلع ملیر، شہید ملت روڈ اور عالمگیر روڈ پر بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران ملیر ریور کے کنارے قائم غیر قانونی مویشی منڈی ختم کر دی گئی اور مختلف شاہراہوں سے تجاوزات بھی ہٹا دی گئیں۔
انتظامیہ کے مطابق کارروائیاں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں کی گئیں۔ آپریشن کے دوران سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی مویشی منڈی کو مکمل طور پر ختم کیا گیا تاکہ سرکاری زمین کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم ہوں۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ ملیر میں قائم عارضی مویشی منڈی وقت کے ساتھ ایک منظم مافیا کی شکل اختیار کر چکی تھی، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات اور ٹریفک کی شدید پریشانی کا سامنا تھا۔ ان کے مطابق کارروائی کے بعد ملیر ریور کے اطراف سے غیر قانونی مویشی منڈی کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہید ملت روڈ اور عالمگیر روڈ پر بھی تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کی آمدورفت میں آسانی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ تجاوزات، قبضہ مافیا اور غیر قانونی مویشی منڈیاں شہریوں کے لیے مستقل مسائل کا سبب بنتی ہیں، اس لیے ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ سرکاری اراضی کے تحفظ، شہری سہولتوں کی فراہمی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے آئندہ بھی ایسے آپریشن جاری رکھے گی۔

