پانی چوری کے خلاف کراچی میں فیصلہ کن اقدامات کے تحت میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے خصوصی تھانے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد پانی چوری، غیر قانونی کنکشنز اور ہائیڈرنٹس مافیا کے خلاف مؤثر، تیز اور بلاامتیاز قانونی کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
افتتاحی تقریب میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر انجینئر اسداللہ خان، چیف فنانشل آفیسر عمار علی خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
میئر کراچی نے کہا کہ واٹر کارپوریشن نے پانی چوری، غیر قانونی کنکشنز اور ہائیڈرنٹس مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مؤثر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ ان کے مطابق کراچی کی تاریخ میں پہلی بار واٹر کارپوریشن کا خصوصی تھانہ قائم کیا گیا ہے، جو ان جرائم کے خلاف قانونی کارروائی کو مزید مضبوط بنائے گا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ واٹر کارپوریشن ایکٹ کے تحت قائم اس خصوصی تھانے کو مکمل قانونی اختیارات حاصل ہیں۔ اس کے ذریعے پانی چوری سے متعلق مقدمات کا اندراج، تفتیش اور قانونی کارروائی تیز، مؤثر اور شفاف انداز میں انجام دی جا سکے گی۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ پانی چوری سے متعلق تمام مقدمات خصوصی واٹر کارپوریشن تھانے میں درج کیے جائیں گے تاکہ فوری اور بلاامتیاز کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سرکاری آبی وسائل کے تحفظ، پانی چوری کی روک تھام اور شہریوں کو ان کا جائز حق فراہم کرنے کے لیے ایک نئے قانونی نظام کا آغاز ہے۔
میئر کراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خصوصی تھانے کے ذریعے پانی چوری، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے قیام اور سرکاری پانی کے غیر مجاز استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پانی کی منصفانہ فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والے کسی بھی فرد یا گروہ کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔