کراچی: یومِ سیاہ کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 جولائی 1977ء پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جب عوام کے منتخب وزیرِاعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر مارشل لا نافذ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا خاتمہ عوامی مینڈیٹ اور آئین پر حملہ تھا۔ ان کے مطابق آمریت نے جمہوریت، آئین اور عوام کے حقِ حکمرانی کو شدید نقصان پہنچایا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں آمریت کا جرات، استقامت اور عوامی طاقت کے ذریعے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام میں سیاسی شعور، خوداعتمادی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کا احساس پیدا کیا، جس کے اثرات آج بھی قومی سیاست میں نمایاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 5 جولائی کا دن آئین کی بالادستی، جمہوریت کے تحفظ اور عوامی مینڈیٹ کے احترام کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ ان کے بقول جمہوریت ہی پاکستان کے استحکام، ترقی اور قومی یکجہتی کی حقیقی ضمانت ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئین، جمہوریت اور عوام کے حقِ حکمرانی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا، جبکہ ملک میں جمہوریت اور قومی سالمیت کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ عوامی طاقت سے کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی بصیرت، عوامی خدمت اور جمہوری جدوجہد قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ شہدائے جمہوریت کی قربانیاں پاکستان میں آئینی بالادستی اور عوامی حکمرانی کی مضبوط بنیاد ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ جمہوریت کے خلاف کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کی جائے گی۔