ڈی آئی جی ایسٹ زون کراچی ڈاکٹر فرخ علی کی جانب سے ایسٹ زون سے کورس پر روانہ ہونے والی اور ریٹائر ہونے والے افسران کے اعزاز میں ایک سادہ مگر باوقار الوداعی تقریب اور ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
تقریب میں ضلعی ایس ایس پیز، انویسٹیگیشن ونگ کے افسران اور دیگر پولیس حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے ایس ایس پی انویسٹیگیشن-II ملیر ماجدہ پروین ہالیپوٹو، جو پیشہ ورانہ کورس کے لیے روانہ ہو رہی ہیں، جبکہ ریٹائر ہونے والے پی ڈی ایس پی محمد امین اور آفس سپرنٹنڈنٹ راشد خان کی خدمات اور نمایاں کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کی ترقی میں افسران کی پیشہ ورانہ خدمات اور لگن قابلِ قدر ہیں، جبکہ ان کی ذمہ دارانہ کارکردگی دیگر اہلکاروں کے لیے بھی مثال ہے۔
تقریب کے دوران ڈاکٹر فرخ علی نے کورس پر جانے والی اور ریٹائر ہونے والے افسران کو تعریفی شیلڈز اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ دیگر افسران نے بھی تحائف اور سندھ کی روایتی اجرک پیش کر کے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ریٹائر ہونے والے پی ڈی ایس پی محمد امین اور آفس سپرنٹنڈنٹ راشد خان نے ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی اور تقریب میں شریک تمام افسران کا شکریہ ادا کیا اور اظہارِ تشکر کیا۔
تقریب کے اختتام پر ریٹائر ہونے والے افسران کو اعزاز اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔
