کراچی — کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں پولیس نے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے منشیات کی سپلائی میں ملوث ایک مبینہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق کارروائی ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کراچی کی ہدایت پر تھانہ بوٹ بیسن کی حدود میں کی گئی، جہاں آن لائن ایپلیکیشنز کے ذریعے منشیات کی ترسیل میں ملوث عناصر کو نشانہ بنایا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت عاقب رحمان اور غلام مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 2 گرام کوکین اور 115 گرام آئس برآمد کی گئی ہے، جبکہ ان کے زیر استعمال دو موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ مبینہ طور پر ایک بڑے منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی اور اس کے منیجر حسن کے لیے کام کرتے تھے۔
ملزمان کے مطابق منیجر حسن واٹس ایپ کے ذریعے ان سے رابطہ کرتا تھا، مختلف مقامات پر طلب کر کے منشیات فراہم کرتا اور بعد ازاں انہیں مختلف علاقوں میں ڈیلیوری کے لیے بھیجا جاتا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں مزید اہم انکشافات سامنے آنے کی توقع ہے، جس سے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔