تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر برائے داخلہ گوہر اعجاز ن کہا ہےکہ ابھی تک کسی جگہ موبائل یا انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا البتہ سکیورٹی حالات کے پیش نظر کسی ضلع یا صوبےکی درخواست آئی تو انٹرنیٹ سروس بند کرنے پرغور کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد پر امن ہوگا اور الیکشن کمیشن نے ہی انتخابات منعقد کرانے ہیں، 12 کروڑ سے زائد پاکستانی 8 فروری کو ووٹ کاسٹ کریں گے ،تمام چیزیں ٹریک پر ہیں اور تمام تر قیاس آرائیوں کے باوجود 8 فروری کو انتخابات ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نہیں چاہیں گے کہ سندھ میں کہیں بھی قانون ہاتھ میں لیاجائے، سندھ میں الیکشن لڑنے والی جماعتیں برسوں سے ایک دوسرے کو جانتی ہیں، سب کیلئے پیغام ہے کہ سندھ میں مسلح افواج، سول آرمڈفورسز اور پولیس کھڑی ہیں۔
گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ 44 ہزار پولنگ اسٹیشنز کو نارمل ڈکلیئر کیا ہے اور 20985 پولنگ اسٹیشن کو حساس اور 16766 پولنگ اسٹیشن کوانتہائی حساس قرار دیا ہے، 2018 میں مختلف واقعات میں 666 اموات ہوئی تھیں، کوشش ہے اس مرتبہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ تین سطح میں سکیورٹی فراہم کی جائے گی، 90 ہزار 777 پولنگ اسٹیشن ملک بھر میں ہیں، ہر پولنگ اسٹیشن پرکم از کم 7 سے 8 قانون نافذکرنے والے افراد تعینات ہوں گے، انتخابات میں تین لیول پر سکیورٹی لگائی جارہی ہے، پاک فوج کے دستے کیو آر ایف کے طور پر تعینات ہوں گے۔
نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں لوگ نکلیں اور حق رائے دہی استعمال کریں، ہم نہیں چاہیں گے کہ ایسا ماحول پیدا ہو کہ لوگ ووٹ نہ ڈال سکیں، ہر شخص کی زندگی کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے، جو بھی اقدام کرنا پڑا وہ میرٹ پر کیا جائے گا، کوشش ہے کہ پرامن انتخابات ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک کسی جگہ موبائل یا انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، سکیورٹی حالات کے پیش نظر کسی ضلع یا صوبےکی درخواست آئی تو انٹرنیٹ سروس بند کرنے پرغور کیاجائےگا۔
اس موقع پر نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں تھیں لیکن قیاس آرائیوں کے باوجود الیکشن ہورہے ہیں کیونکہ آئین کے دیباچے میں لکھا ہےکہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ سال 2018کے انتخابات 2008 اور 2013کی نسبت زیادہ پرُامن تھے، اس کے باوجود 2018 میں 666 لوگ جان سے گئے، 2013 میں صورتحال زیادہ خراب تھی، 2008 میں بے نظیربھٹو کی شہادت کے بعد انتخابات میں ایک مہینہ تاخیرہوئی۔