کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل میں گٹکا ماوا فروخت کے خلاف کارروائیاں، پانچ ملزمان گرفتار

کراچی کے ڈسٹرکٹ سینٹرل ویسٹ زون میں پولیس نے گٹکا ماوا کی خرید و فروخت کے خلاف جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایات پر مختلف تھانوں کی حدود میں کی گئیں، جن میں بھاری مقدار میں گٹکا ماوا اور نقد رقم بھی برآمد ہوئی۔

تھانہ عزیزآباد پولیس نے ایک کارروائی کے دوران محمد حسین ولد فرزند علی کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 25 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد ہوئیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تھانہ تیموریہ کی پولیس نے دورانِ گشت کارروائی کرتے ہوئے بلال اشرف ولد محمد اشرف کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 65 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف متعلقہ دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں سیکٹر 5-F کے علاقے میں کارروائی کے دوران یاسر ولد عبدالغنی کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 600 پڑیاں تیار شدہ گٹکا ماوا اور 3,650 روپے نقدی برآمد ہوئی۔

گلبرگ تھانے کی پولیس نے دورانِ پٹرولنگ فیصل ولد شاہ علی کو گرفتار کیا، جبکہ لیاقت آباد میں انٹیلی جنس اسٹاف نے کارروائی کرتے ہوئے جہانگیر ولد اشفاق کو حراست میں لیا اور ان کے قبضے سے گٹکا ماوا برآمد کیا۔

پولیس کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش متعلقہ تحقیقاتی شعبوں کے سپرد کر دی گئی ہے۔

ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق عوامی صحت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!