تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف نکاح کیس کے فیصلے پر ترجمان پی ٹی آئی کا ردعمل آگیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ آج کا فیصلہ نہایت شرمنا، شرعی احکامات کے منافی ہے، فیصلہ قوانین پر سنگین اور شرم ناک حملہ ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ فیصلہ لکھ کر پورے نظام عدل کا سر شرم سے جھکا دیا گیا ہے، ریاست نے ازدواج کے نکاح و طلاق جیسے معاملات میں مداخلت کی۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ تہذیب و شریعت کو نفرت و حقارت سے پیروں تلے کچلا گیا ہے، نکاح کیس کے فیصلے کے ذریعے ایجنڈا آگے بڑھانے کی کوشش کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نہ بانی پی ٹی آئی نے سر جھکایا نہ ان کی قوم فرعونیت قبول کرے گی، ظلم اور ناانصافی کا پوری جرأت اور بہادری سے مقابلہ کریں گے، ہر ناانصافی کا بدلہ 8 فروری کو عوام ووٹ سے لیں گے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔
اڈیالہ جیل میں عدت میں نکاح سے متعلق کیس سننے والے سینئر سول جج قدرت اللہ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا سنائی، جج نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں کیس کا فیصلہ سنایا۔
گزشتہ روز تقریباً 14 گھنٹے کی طویل سماعت کے بعد جج قدرت اللہ نے عدت میں نکاح سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔