تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
پاکستان رینجرز (سندھ)اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے اختر کالونی سے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم عبدالجلیل عرف منشی کو گرفتار کر لیا۔ملزم کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم نے دودریا سی ویو کے علاقے میں سیر وتفریح کے لیے آنے والی ایک فیملی سے گن پوائنٹ پرلاکھوں روپے مالیت کے3آئی فونز، ایک سمارٹ واچ اورنقد رقم لوٹی۔اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کی ایف آئی آر تھانہ ساحل کلفٹن ٹاؤن میں درج ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں سہراب گوٹھ، ناگن چورنگی، سی ویو، دودریا،کلفٹن، گزری، بوٹ بیسن، ڈیفنس اورملحقہ علاقوں میں 150سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ ملزم دوران ڈکیتی مزاحمت پر لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کرتاتھا۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتارملزم کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
(ترجمان سندھ رینجرز)