سندھ میں خواتین کیلئے ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس برانچز کا احسن اقدام

کراچی( افضل ندیم ڈوگر )سندھ میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس برانچز عرفان علی بلوچ کا "ویمن آن ویلز” کے سلوگن کے ساتھ احسن اقدام دیکھنے میں آیا ہے جسے ویمن ایمپاورمنٹ کے حوالے سے کافی پذیرائی مل رہی ہے، عرفان علی بلوچ نے "جنگ” کو بتایا کہ ویمن ایمپاورمنٹ پر پورے ملک خاص طور پر سندھ میں کافی کام ہو رہا ہے لیکن انہوں نے اس سلسلے میں ” ویمنز آن ویلز” کا سلوگن متعارف کرایا ہے جسے وہ ویمن ایمپاورمنٹ کا دروازہ قرار دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک خاتون ماں، بہن، بیٹی یا بیوی کی حیثیت سے گھر سے باہر نکلنے کیلئے بیٹے، بھائی، باپ یا شوہر کا انتظار کرنا پڑتا ہے یا ان کیلئے ڈرائیورز رکھنے پڑتے ہیں۔ ایسی لڑکی یا خاتون اگر خود گاڑی چلانا سیکھے گی اور لائسنس حاصل کر لے گی تو اس کے اندر خود مختاری آئے گی اور وہ خود کو کسی کی محتاج نہیں سمجھے گی وہ خود بچوں کو اسکول چھوڑ سکے گی، کالج، یونیورسٹی، دفتر یا شاپنگ سینٹر جا سکے گی اور گھر کے چھوٹے موٹے کام وقت پر سرانجام دے سکے گی، ڈی آئی جی عرفان بلوچ کے مطابق یہی نہیں وہ اس سے بھی بہت آگے کا سوچ رہے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ خواتین نہ صرف اپنی ضرورت کیلئے گاڑی چلا سکیں بلکہ وہ کمرشل بنیادوں ڈرائیونگ کو ذریعہ معاش بھی بناسکتی ہیں ، خواتین ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرکے آن لائن ٹیکسی سروس جوائن کرسکتی ہیں جس کے تحت وہ اپنے اور اپنے خاندان کی خود کفالت کرسکتی ہیں، اگر شہر میں لڑکیاں یا خواتین آن لائن ٹیکسی کے مرد ڈرائیورز کے ساتھ سفر کرسکتی ہیں تو کوئی خاتون بھی آن لائن ٹیکسی ڈرائیور بن کر اس سے بھی زیادہ محفوظ ہوگی، اس سلسلے میں انہوں نے تھرکول منصوبے میں بڑے بڑے ٹرک، ڈمپر اور ٹینکرز چلانے والی تھری خواتین ڈرائیورز کا حوالہ دیا جو گزشتہ کئی برسوں سے اپنے اور اپنے خاندانوں کے باعزت روزگار کا وسیلہ بنی ہوئی ہیں ، عرفان بلوچ نے بتایا کہ اس سلوگن کے تحت یونیورسٹیز، کالجز اور دیگر مختلف اداروں میں خواتین کیلئے ڈرئیونگ لائسنس برانچز کے کیمپ کر چکے ہیں اور مختلف تعلیمی اداروں میں اس سلسلے میں سیمینار بھی منعقد کرا رہے ہیں، عرفان بلوچ کے مطابق کراچی کی ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں انہوں نے خواتین کیلئے الگ کاؤنٹرز قائم کر دیے ہیں جہاں خواتین ہی انہیں ڈیل کرکے ڈرائیونگ لائسنس فراہم کرتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!