مہنگائی کی شرح میں 0.34 فیصد اضافہ ریکارڈ

مہنگائی کی شرح میں 0.34 فیصد اضافہ ریکارڈ

تشکُّر نیور ویب ڈیسک

اسلام آباد: ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0 اعشاریہ 34 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے جب کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0 اعشاریہ 34 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مہنگائی کی مجموعی شرح 44 اعشاریہ 64 فیصد پر پہنچ گئی ہے، ایک ہفتے کے دوران 22 اشیاء مہنگی ہوئیں جب کہ 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں پیاز کی قیمتیں بے قابو ہوکر ریکارڈ 230 روپے فی کلو تک ریکارڈ کی گئیں، رواں ہفتے پیاز کی فی کلو قیمت میں 18 روپے 31 پیسے کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 10 روپے 78 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے، ٹماٹر کی فی کلو قیمت 143 روپے سے بڑھ کر 154 روپے تک پہنچ گئی

رواں ہفتے مرغی کی فی کلو قیمت میں 9 روپے 86 پیسے اور ایک درجن انڈے 7 روپے 87 پیسے تک مہنگے ہوئے، دال ماش کی فی کلو قیمت میں 8 روپے 52 پیسے کا اضافہ ہوا جب کہ لہسن کی فی کلو قیمت 12 روپے 41 پیسے بڑھ گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران دال مونگ، بیف، جلانے کی لکڑی بھی مہنگی ہوئی جب کہ آلو، چینی اور پیٹرول سمیت 8 اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں۔

رواں ہفتے میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے تک کمی ہوئی جب کہ ایک ہفتے میں چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 32 پیسے کی کمی ہوئی۔

علاوہ ازیں رواں ہفتے بریڈ، تازہ دودھ اور خشک دودھ سمیت 21 اشیاء کے دام مستحکم رہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!