کھیل معاشرے کا اہم حصہ ہے اور میرا ایمان ہے کہ جس ملک میں کھیل کے میدان آباد ہونگے وہاں ہسپتالوں کی تعداد کم ہوگی

مورخہ19 جنوری2024؁ء
ڈاکٹر محمد علی شاہ کرکٹ ٹورنامنٹ ہر سال منعقد کیا جائے گا۔صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ
کھیل معاشرے کا اہم حصہ ہے اور میرا ایمان ہے کہ جس ملک میں کھیل کے میدان آباد ہونگے وہاں ہسپتالوں کی تعداد کم ہوگی

کراچی (تشکُّر نیوز رپورٹنگ، )ڈاکٹر محمد علی شاہ کرکٹ ٹورنامنٹ ہر سال منعقد کیا جائے گا، یہ اعلان صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے جناح کالج کرکٹ گراونڈ پر ٹورنامنٹ کے فائنل کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب کی صدارت وزیر تعلیم محترمہ رعناقمر نے کی، وزیر کھیل نے کہا کہ کھیل معاشرے کا اہم حصہ ہے اور میرا ایمان ہے کہ جس ملک میں کھیل کے میدان آباد ہونگے وہاں ہسپتالوں کی تعداد کم ہوگی اور اسی جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے میں اور میرا خاندان کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے،

انھوں نے منتظمین کو شاندار ٹورنامنٹ کرانے پر مبارکباد دی اور اعلان کیا کہ آئندہ جب بھی یہ ٹورنامنٹ منعقد ہوگا میرے خاندان کے تمام وسائل اس کے لئے درکار ہونگے، ڈاکٹر رعنا نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ تعلیم اور بذات خود میں اس ٹورنامنٹ کے منعقد کرنے پر ڈاکٹر محمد علی شاہ خاندان کو خراج تحسین ادا کرتی ہوں کہ انھوں نے ایک عظیم انسان کے نام سے یہ ٹورنامنٹ آرگنائز کیا جس نے پورے ملک میں کھیل اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا،

قبل ازین ٹورنامنٹ کمیٹی کی سرپرست اعلیٰ بیگم اسما علی شاہ نے خطبہ استقبالیہ کے کلمات ادا کئے اور بھرپور انداز میں میزبانی کے فرائض انجام دئے، تقریب سے کمشنر کراچی کے اسپورٹس کوارڈینیٹر غلام محمد خان ٹورنامنٹ سیکریٹری جاوید علی اور آرگنائزر وسیم ماجد نے بھی خطاب کیا، تقریب میں روس کے ڈپٹی قونصل جنرل رسلن پروکرو، اسپورٹس آرگنائزر سعید احمد، بتول کاظم، صغیر حسین اور متعدد شخصیات نے شرکت کی، فائنلمیچ میں جناح کالج ٹیم نے SMS اسپورٹس کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، فاتح ٹیم کی جانب سے داود خان نے 36 ضیا خان نے 34 اور اشر انصاری نے 24 رنز اسکور کئے جبکہ رنر ٹیم کی جانب سے محمد عمر نے 26 فرید احمد نے 26 اسکور کئے، جناح کالج کی جانب سے مزمل حسین نے 40 رنز کے عوض 5 وکٹیں اور محمد عرفان نے 2 وکٹیں حاصل کیں، اس موقع پر کھلاڑیوں میں بیش قیمت انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ PTV کی سابق اسپورٹس پروڈیوسر شاہدہ شعیب رضوی اور NNG کی رکن غزالہ آصف کو حسن کارکردگی شیلڈز پیش کی گئیں۔
جاری کردہ:۔ میڈیا کوارڈینٹر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!