کراچی(تشکُّر نیور ) بحریہ یونیورسٹی کراچی اور انسٹی ٹیوٹ آف پروفیشنل سائیکولوجی کا 19واں کانووکیشن کراچی میں منعقد ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) آصف خالق نے کانووکیشن تقریب کے دونوں سیشنز میں بالترتیب بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو تمغوں اور امتیازی اسناد سے نوازا۔
مختلف شعبہ جات بشمول مینجمنٹ اسٹڈیز، بزنس اسٹڈیز، ہیومینیٹیز اینڈ سوشل سائنسز، کمپیوٹر سائنسز، ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز، الیکٹریکل انجینئرنگ، سافٹ ویئر انجینئرنگ، کمپیوٹر انجینئرنگ، میڈیا اسٹڈیز اور پروفیشنل سائیکولوجی کے طلباء کو جن میں 11 پی ایچ ڈی کرنے والے بھی شامل تھے، مجموعی طور پر 1632 ڈگریاں دی گئیں۔
پہلے سیشن کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے متعلقہ ڈگری پروگراموں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو 22 طلائی تمغوں اور 18 چاندی کے تمغوں سے نوازا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مختلف چیلنجز سے نمٹنے اور انہیں مواقعوں میں تبدیل کرلینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیم ورک اور ابلاغ کامیابی کے اہم عناصر ہیں۔
دوسرے سیشن کے دوران ریکٹر بحریہ یونیورسٹی، وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) آصف خالق نے متعلقہ شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلباء کو 24 طلائی تمغوں اور 19 چاندی کے تمغوں سے نوازا۔ اپنی تقریر میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عظمت ذمہ داری سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیشہ ورانہ اخلاقیات اور دیانت داری کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زندگی کے اہداف پر توجہ مرکوز رکھیں۔
کانووکیشن کی تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، معروف شہریوں، بحریہ یونیورسٹی کے عہدیداران اور گریجویٹ ہونے والے طلباء کے والدین نے شرکت کی۔
*ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)*