تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف فضائی کارروائی اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک تمام اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں ہو جاتے۔ انہوں نے اس آپریشن کو "رائزنگ لائن” کا نام دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد ایران کے جوہری خطرے کا خاتمہ ہے۔
اسرائیل کا ایران پر بڑا فضائی حملہ: آرمی چیف، پاسداران انقلاب کے سربراہ سمیت 78 افراد شہید
ایران پر حملے کے بعد جاری اپنے پہلے سرکاری بیان میں نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ "ہم نے ایران کے جوہری پروگرام کے دل کو نشانہ بنایا ہے” اور یہ کارروائیاں تب تک جاری رہیں گی جب تک "ایرانی خطرے کا پھیلاؤ مکمل طور پر ختم نہ ہو جائے”۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران نے حالیہ مہینوں میں ایسے اقدامات کیے جو اس سے قبل کبھی دیکھنے میں نہیں آئے۔ ان کا اشارہ یورینیم افزودگی کو جوہری ہتھیاروں میں تبدیل کرنے کے اقدامات کی جانب تھا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کو نہ روکا گیا تو وہ چند ماہ یا ایک سال کے اندر جوہری ہتھیار تیار کرنے کے قابل ہو جائے گا، جس سے اسرائیل کی بقا کو براہ راست اور فوری خطرہ لاحق ہے۔