بلوچستان کے علاقے نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے پیر کی صبح قومی شاہراہ این-40 پر دہشتگردوں کی جانب سے شہریوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کو بروقت اور منظم کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق، دہشتگرد گروہ "فتنہ الہند” سے تعلق رکھنے والے افراد نے نوشکی کے قریب قومی شاہراہ پر ناکہ لگا کر گاڑیوں کو روکا اور مسافروں کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے پہلے سے طے شدہ حکمتِ عملی کے تحت فوری کارروائی کا آغاز کیا۔
دہشتگرد اہلکاروں کی آمد پر فائرنگ کرتے ہوئے قریبی پہاڑوں کی طرف فرار ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ تمام یرغمال شہری بحفاظت بازیاب کر لیے گئے ہیں اور کسی شہری کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ فورسز کی بروقت حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت نے ایک بڑے سانحے کو رونما ہونے سے بچا لیا۔
مزید برآں، حکام نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قومی شاہراہ این-40 مکمل طور پر کھلی ہوئی ہے اور ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔