پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم، سلیکشن، ہیڈ کوچنگ اور ڈومیسٹک کرکٹ سمیت تمام اہم معاملات کی نگرانی کے لیے آبزرویٹری کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ نئی کمیٹی دو سابق کرکٹرز پر مشتمل ہوگی، جن میں قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اور معروف تجزیہ کار و سابق کھلاڑی سکندر بخت شامل ہوں گے۔
آبزرویٹری کمیٹی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے تیار کیے گئے اسکواڈز کا جائزہ لے گی، ساتھ ہی ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے اور اصلاحات پر بھی نظر رکھے گی۔ کمیٹی کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ سلیکشن کمیٹی کی سفارشات پر رائے دے سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ بنگلہ دیش سیریز کے اسکواڈ میں بھی آبزرویٹری کمیٹی کی مشاورت پر بعض تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ تاہم پی سی بی کی جانب سے اس نئی کمیٹی کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔