بھارت: شادی میں رس گلے کم پڑنے پر جھگڑا، 6 افراد زخمی

دنیا بھر میں شادی بیاہ کی تقریبات ایک خوشگوار اور پُر مسرت موقع ہوتا ہے جب دو خاندان ایک ہوجاتے ہیں لیکن بھارت میں شادی کے خوشگوار موقع پر صرف رس گلے نہ ملنے پر جھگڑا ہو گیا۔ 

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع آگرہ کے علاقے شمس آباد میں پیش آیا جہاں شادی کی تقریب میں رس گلے نہ ملنے پر جھگڑا ہوگیا جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔

رپورٹ میں شمس آباد کے ایس ایچ او انیل شرما کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ  یہ واقعہ گزشتہ اتوار کی شب پیش آیا۔

ایس ایچ او انیل شرما کے مطابق اتوار کی شب برج بھان کشوا نامی شخص کے گھر پر شادی کی تقریب کا انعقاد ہوا، اس تقریب میں دیگر پکوانوں کے ساتھ ساتھ مہمانوں کے لیے رس گلے بھی رکھے گئے تھے جو مہمانوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے کم پڑ گئے۔

شادی کی تقریب میں موجود ایک شخص نے رس گلے نہ ملنے پر میزبانوں پر طنز کرنا شروع کر دیا جس کے بعد  کچھ دیر میں جھگڑا ہو گیا اور اس جھگڑے میں 6 افراد زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایچ او انیل شرما کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اس واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں شادی کی تقریب میں رس گلے کم پڑنے پر لڑائی ہونے کا یہ پہلا عجیب و غریب واقعہ نہیں ہے بلکہ وہاں شادیوں کی تقاریب میں یہ عجیب واقعہ پیش آنا عام سی بات ہے۔

بھارت میں2017ء میں بھی دولہا اور دلہن کے خاندانوں کے درمیان 2 کے بجائے ایک رس گلہ پیش کیے جانے پر بڑا جھگڑا ہوا تھا۔

اس طرح کے واقعات کا سلسلہ بھارت میں مسلسل جاری ہے اور اکتوبر 2022ء میں تو رس گلے کم پڑنے پر لڑائی کے دوران ایک شخص ہلاک بھی ہو گیا تھا۔

 

 

رواں سال فروری میں اسی طرح کا ایک واقعہ بھارتی شہر باغپت میں بھی پیش آیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!