نیو یارک ٹائمز کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھارت کے خلاف دوٹوک مؤقف اپنا کر پاکستان کی عسکری قیادت کا نیا رخ دنیا کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عام طور پر پردے کے پیچھے رہنے والے جنرل منیر اب کھل کر بیانات دے رہے ہیں اور کشمیر پر پاکستان کے بیانیے کو نئی شدت سے پیش کر رہے ہیں۔
ریال میڈرڈ نے سیلٹا ویگو کو 3-2 سے شکست دے کر لا لیگا ٹائٹل کی دوڑ برقرار رکھی، ایمباپے کے دو شاندار گول
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنرل منیر نے گزشتہ دنوں جنگی مشقوں کے دوران ایک ٹینک پر کھڑے ہو کر فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا کہ ’’کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری، پرعزم اور بھرپور جواب دیا جائے گا‘‘۔ اس بیان کو پاکستان کے اس عزم کی علامت قرار دیا گیا ہے کہ ملک اپنی خودمختاری کے دفاع میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
امریکی اخبار کے مطابق جنرل منیر کے خیالات ان کی انٹیلی جنس قیادت کے تجربے اور بھارت کے ساتھ تنازعے کو مذہبی نوعیت کا قرار دینے پر مبنی ہیں۔ اُنہوں نے حال ہی میں ایک تقریب میں کشمیر کو پاکستان کی ’شہ رگ‘ قرار دیا، جس پر بھارت کی وزارت خارجہ نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور اسے اشتعال انگیز قرار دیا۔
پہلگام حملے، جس میں دو درجن سے زائد ہندو سیاح مارے گئے، کے بعد بھارت میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دہشتگردوں اور ان کے معاونین کو انجام تک پہنچانے کا اعلان کیا ہے۔ ماضی میں بھی بھارت نے ایسے حملوں کے جواب میں پاکستان کے اندر فضائی کارروائیاں کی تھیں۔
صحافی آدتیہ سنہا کے مطابق، اس بار صرف فضائی کارروائی سے دائیں بازو کے حلقے مطمئن نہیں ہوں گے۔ جنرل منیر کے سخت نظریاتی بیانات اور کشمیر پر دو قومی نظریے کی وضاحت بھارت میں سخت تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی حکام نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ حملے میں پاکستان کا کوئی کردار تھا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے مسئلہ کشمیر کو خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔
موجودہ صورتحال میں سفارتی روابط تقریباً منقطع ہیں اور دونوں ممالک جارحانہ عوامی پیغامات کے ذریعے ایک دوسرے سے مخاطب ہو رہے ہیں، جس سے غلط فہمیوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ تجزیہ کار زاہد حسین کے مطابق، اگر بھارت نے کوئی فوجی کارروائی کی تو پاکستان کا جواب ناگزیر ہوگا، اور چھوٹا تنازعہ بڑے بحران میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اکتوبر 2024 میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے جریدے ’یونی پاتھ‘ نے جنرل منیر کو انتہا پسندی کے خلاف مضبوط آواز قرار دیا تھا، اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لیے فیصلہ کن تسلیم کیا تھا۔