دنیا نیوز کے معروف پروگرام ’’سچویشن روم‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین جوانان پاکستان، عبداللہ حمید گل نے کہا کہ پاکستان ایک انتہائی ذمہ دار اور سنجیدہ نیوکلیئر ملک ہے۔ انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کا مؤقف بالکل دو ٹوک اور واضح ہے اور بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز اب دنیا کی نظروں سے چھپے نہیں رہے۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں تیل بردار ٹرک میں آگ بھڑکنے کا دلخراش واقعہ، 40 افراد جھلس کر زخمی
عبداللہ حمید گل نے کہا کہ بھارت اس وقت داخلی خلفشار اور سیاسی دباؤ کا شکار ہے۔ پہلگام واقعے پر خود بھارت کے اندر سے سوالات اٹھنا شروع ہو چکے ہیں، جیسے پہلے پلوامہ واقعے کے وقت بھی بھارت شفاف تحقیقات سے بھاگ گیا تھا۔ اب دنیا کو بھی یہ سمجھ آ گئی ہے کہ بھارت کے الزامات اور بیانیے میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو توقع نہیں تھی کہ پاکستان اتنا مؤثر اور سخت جواب دے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دنیا یہ بات جان چکی ہے کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان اگر جنگ چھڑ گئی تو اس کے نتائج نہایت تباہ کن ہوں گے۔
بھارت نے بغیر تحقیق کے الزامات لگائے: بریگیڈیئر (ر) مسعود خان
اسی پروگرام میں دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) مسعود خان نے کہا کہ بھارت کی کانگریس پارٹی بھی اب مودی حکومت سے سیکیورٹی ناکامیوں پر سخت سوالات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا کیس نہایت دانشمندی اور مؤثر انداز میں پیش کیا ہے جبکہ بھارت بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کر رہا ہے۔
بریگیڈیئر (ر) مسعود خان نے مزید کہا کہ بھارت، ماضی کی طرح کوئی جعلی "سرجیکل اسٹرائیک” یا ایل او سی کے قریب شیلنگ کا ڈرامہ رچا سکتا ہے۔ لیکن اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی جس میں کوئی میزائل داغا گیا، تو پاکستان اس کا بھرپور اور کئی گنا شدید جواب دے گا۔
کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی: ڈاکٹر قمر چیمہ
دوسری جانب دفاعی تجزیہ کار ڈاکٹر قمر چیمہ نے بھارتی مظالم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہ صرف نوجوانوں پر ظلم کر رہا ہے بلکہ عام شہریوں کی زندگیوں کو بھی بدترین اذیتوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کے گھروں کو بموں سے تباہ کیا جا رہا ہے، جو کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ڈاکٹر قمر چیمہ نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو روکے اور کشمیریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔ ظلم اور جبر کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔