ٹھٹھہ: وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی پر حملے کے الزام میں سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) کے ضلعی صدر سید جلال شاہ کو پولیس نے مکلی میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کھیئل داس کوہستانی کی گاڑی پر گزشتہ روز حملہ کیا گیا تھا، جس میں پتھراؤ اور ڈنڈوں سے گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، تاہم وزیر مملکت خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ اس واقعے کے بعد سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں سید جلال شاہ سمیت 7 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں راستہ روکنے، سرکاری ڈیوٹی میں رکاوٹ ڈالنے، اور وفاقی وزیر کی تذلیل کے الزامات شامل کیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
ادھر سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے جلال شاہ کی گرفتاری پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جلال شاہ بے گناہ ہیں اور ان پر سیاسی بنیادوں پر مقدمہ بنایا جا رہا ہے۔
واقعہ کے بعد مقامی سطح پر کشیدگی پائی جا رہی ہے جبکہ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔