کراچی (تشکر نیوز) — ہم نیوز کی صدر اور پاکستان کی ممتاز میڈیا شخصیت سلطانہ صدیقی کے نام پر نارتھ ناظم آباد میں سڑک کو "سلطانہ صدیقی روڈ” کا نام دے کر باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس پُروقار تقریب میں ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان، اور معروف اداکارہ و فنکار بشریٰ انصاری، روبینہ اشرف، احمد شاہ، فرحان عیسیٰ، ایس ایس پی سینٹرل زیشان صدیقی سمیت دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔
ٹاؤن چیئرمین عاطف علی خان، میڈیا، ٹی وی، اور فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات، سیلیبریٹیز، اور مختلف تنظیموں کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈان نیوز کے مالک حمید ہارون اور طارق مصطفیٰ کی خصوصی شرکت نے تقریب کو مزید باوقار بنا دیا، جب کہ مومنہ اینڈ درید فاؤنڈیشن کے سربراہ درید قریشی اور شنید قریشی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر شنید قریشی نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ، “میری والدہ سلطانہ صدیقی کی میڈیا انڈسٹری کے لیے خدمات کے اعتراف میں ان کے نام پر سڑک کا نام رکھنا ہمارے خاندان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ہم جب بھی ضلع وسطی آتے ہیں تو یہاں کوئی نہ کوئی نیا ترقیاتی کام ہوتا نظر آتا ہے، جس پر ہم انتظامیہ کے مشکور ہیں۔”
ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “سلطانہ صدیقی اس ملک کا فخر ہیں، اُن سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔ ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہمارا فرض ہے۔”
تقریب کے دوران ایس ایس پی زیشان صدیقی نے سلطانہ صدیقی کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔
یہ تقریب نہ صرف سلطانہ صدیقی کی خدمات کو سراہنے کا ذریعہ بنی بلکہ شہر کراچی کے لیے ایک نئے اور مثبت پیغام کا باعث بھی بنی، جہاں فن و ثقافت کو عزت اور مقام دیا جا رہا ہے۔