گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے اٹلی کے قونصل جنرل فابریزیو بیئیلی (Fabrizio Bielli) نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی روابط میں وسعت، سرمایہ کاری اور وفود کے تبادلوں کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
کیماڑی پولیس کی بڑی کامیابی، بین الصوبائی موٹر سائیکل چور گروہ کے دو اہم کارندے گرفتار
گورنر سندھ نے کہا کہ وہ اٹلی کے ساتھ تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش ماحول رکھتا ہے، جہاں اٹلی کے سرمایہ کار بڑی کامیابی کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔
اٹلی کے قونصل جنرل فابریزیو بیئیلی نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بھرپور انداز میں کام جاری ہے۔ انہوں نے سندھ میں سرمایہ کاری کے امکانات کو سراہا اور گورنر سندھ کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات عوامی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی قابلِ قدر ہیں۔
قونصل جنرل نے ملاقات کے بعد گورنر ہاؤس کے احاطے میں جاری شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے ایک پودا بھی لگایا۔ علاوہ ازیں انہوں نے “امید کی گھنٹی” بجا کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔ گورنر ہاؤس کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کیے۔
قونصل جنرل نے کہا کہ “امید کی گھنٹی” سمیت دیگر گورنر انیشیٹیوز سندھ کے عوام کے لیے امید، بہتری اور ترقی کی علامت ہیں، اور ان سے بین الاقوامی مہمانوں کو بھی مثبت پیغام ملتا ہے۔