کراچی (تشکر نیوز) متحدہ عرب امارات کے قونصلیٹ میں ویزہ لینے والے پاکستانی شہریوں کے لیے ریڈ کارپیٹ استقبال کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس خصوصی سہولت کا مشاہدہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے خود قونصلیٹ کا دورہ کر کے کیا، جہاں یو اے ای کے سفیر حماد عبید الزہبی اور قونصل جنرل نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔
گورنر سندھ نے قونصلیٹ میں قائم ویزہ سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ویزہ حاصل کرنے والے افراد سے ملاقات کی، جنہوں نے سہولیات پر شکریہ ادا کیا۔
گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"میرا استقبال ریڈ کارپیٹ پر کیا گیا، جو ان کی محبت اور قدر دانی کا مظہر ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ متحدہ عرب امارات ایس آئی ایف سی (Special Investment Facilitation Council) منصوبے میں بھرپور دلچسپی لے رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کی علامت ہے۔
یو اے ای کے سفیر حماد عبید الزہبی نے اعلان کیا کہ:
"ہم ایک لاکھ پاکستانیوں کو پانچ سالہ ویزہ جاری کریں گے۔”
قونصل جنرل نے بھی یقین دہانی کرائی کہ:
"ویزہ سینٹر آنے والوں کو مکمل عزت دی جائے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔”