پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ ہم خوفِ خدا اور عشقِ رسول ﷺ کے جذبے کے تحت بلا تفریق انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار کراچی سمیت ملک بھر میں غریبوں، مستحقین اور سفید پوش افراد کی مدد کر رہے ہیں، جس پر میں انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ ہماری تحریک کی اصل پہچان عوامی خدمت اور ریاست کے ساتھ کھڑا رہنا ہے۔
ضلع وسطی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم نعمت ہے، جو ہمیں رمضان المبارک میں حاصل ہوا تھا۔ ہمیں ملک و قوم کی سلامتی کے لیے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ اسی جذبے کے تحت اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن نے کھارادر میں سستی مرغی گوشت کیمپ کا انعقاد کیا، جہاں غریب عوام کو مارکیٹ سے آدھی قیمت پر گوشت فراہم کیا گیا۔ ہزاروں افراد کو وقار کے ساتھ سستا گوشت فراہم کرنا ہمارے قائدین کی بہترین تربیت کا نتیجہ ہے۔
اس موقع پر نائب سربراہ محمد شاہد غوری، مرکزی رہنما محمد شہزاد قادری، محمد مبین قادری، کراچی نائب امیر محمد فرحان قادری، کراچی رابطہ کمیٹی کے ارکان انور سجاد قادری، عامر قادری سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔
محمد شاداب رضا نقشبندی نے مزید کہا کہ پاکستان سنی تحریک کا فلاحی شعبہ، اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن، بلاتفریق رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھ کر انجام دے رہا ہے۔ حکومت کو غریب عوام کو غربت سے نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں۔ ہم عوام کی فلاح و بہبود، اسلام کی سربلندی اور ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اپنے شہید قائدین کے مشن کو ہر صورت میں مکمل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اہلسنت کے کھوئے ہوئے تشخص کی بحالی کے لیے تمام عاشقانِ رسول کو میدان میں آنا ہوگا۔ دہشتگردی اور کرپشن نے ملکی معیشت کو غیر مستحکم کر دیا ہے، جبکہ 12 کروڑ سے زائد مظلوم عوام حکومتی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے۔