پاکستان بھر میں آج یومِ پاکستان قومی جذبے اور ولولے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ فضا "اللہ اکبر” اور "پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔ نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
کیپٹن حسنین اختر: بہادری اور قربانی کی لازوال مثال
مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
یومِ پاکستان کی مناسبت سے لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب میں سول اور عسکری حکام نے شرکت کی، جبکہ ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا، جس کے دوران پاک فضائیہ اور رینجرز کے چاق و چوبند دستوں نے انہیں سلامی دی۔
لاہور میں شاندار لیزر شو، مینارِ پاکستان جگمگا اٹھا
یومِ پاکستان کے موقع پر لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں شاندار لیزر شو کا اہتمام کیا گیا۔ پنجاب حکومت کے خصوصی انتظامات کے تحت مینارِ پاکستان کو سبز اور سفید روشنیوں سے انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد اس دلکش منظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے گریٹر اقبال پارک پہنچ گئی۔ لیزر شو کے ساتھ ملی نغمے بھی پیش کیے گئے، جس سے حاضرین کا جوش و خروش مزید بڑھ گیا۔
قومی اتحاد اور عہدِ وفا کی تجدید کا دن
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کے مطابق 23 مارچ قومی یکجہتی اور تجدیدِ عہدِ وفا کا دن ہے، جسے شایانِ شان طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لیزر شو دو روز تک جاری رہے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس تاریخی موقع کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔
یومِ پاکستان: تاریخ اور جدوجہد کی علامت
یومِ پاکستان 23 مارچ 1940 کے اس تاریخی دن کی یاد دلاتا ہے، جب قراردادِ پاکستان منظور کی گئی تھی۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں سیمینارز، پریڈز اور ثقافتی پروگرامز شامل ہیں۔
قوم کا عزم: ترقی، خوشحالی اور استحکام
ملک کے مختلف شہروں میں یومِ پاکستان کے موقع پر نکالی جانے والی ریلیوں اور تقریبات میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔