امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق، ہیتھرو ایئرپورٹ کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ ایئرپورٹ سے متصل ایک سب اسٹیشن میں آگ لگنے کے باعث شدید بجلی کی بندش کا سامنا ہے، جس کے پیش نظر ایئرپورٹ کو 21 مارچ کی رات 11 بجکر 59 منٹ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کا سحری کے وقت لکھانی چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ
لندن فائر بریگیڈ کے مطابق، مغربی لندن کے علاقے ہیز میں ایک برقی سب اسٹیشن کے اندر ٹرانسفارمر میں آگ بھڑک اٹھی، جسے بجھانے کے لیے 10 فائر ٹینڈرز اور 70 فائر فائٹرز مصروف عمل ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر پیٹ گولبورن نے بتایا کہ تقریباً 150 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ احتیاطی تدابیر کے تحت 200 میٹر کا حفاظتی محاصرہ بھی قائم کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق، فائر بریگیڈ نے قریبی 29 عمارتوں سے بھی 29 افراد کو محفوظ مقام پر پہنچایا۔ آگ لگنے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 23 منٹ پر ملی اور عملہ رات بھر جائے وقوعہ پر موجود رہا۔ پیٹ گولبورن کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے صبح قریب آ رہی ہے، خلل بڑھنے کا خدشہ بھی بڑھ رہا ہے، اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں۔
ہیتھرو ایئرپورٹ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ کا سفر نہ کریں اور تازہ ترین معلومات کے لیے اپنی ایئرلائن سے رابطہ کریں۔
دریں اثنا، ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق، ایئرپورٹ کے قریب پیش آنے والے اس واقعے کے نتیجے میں 1300 سے زائد پروازوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس سے ہزاروں مسافر مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔ پروازیں منسوخ کی جا رہی ہیں اور فضاء میں پہلے سے موجود کچھ پروازوں کا رخ موڑا جا رہا ہے۔
فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق، "آج لندن ہیتھرو کی مکمل بندش سے کم از کم 1,351 پروازیں متاثر ہوں گی، اس میں وہ پروازیں شامل نہیں جو کسی اور تکنیکی خرابی کے باعث منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں۔”
ایئر لائن تجزیاتی فرم سیریئم نے اندازہ لگایا ہے کہ ایئرپورٹ کی بندش سے 1,45,000 سے زائد مسافر متاثر ہو سکتے ہیں۔ فلائٹ ریڈار 24 کا کہنا تھا کہ اس وقت ہیتھرو جانے والی 120 پروازیں پہلے ہی فضا میں موجود ہیں۔